ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے معروف نیوز پورٹل فکروخبر کی جانب سے درس قران اور انگریزی ویکلی کا رسم اجرا

بھٹکل کے معروف نیوز پورٹل فکروخبر کی جانب سے درس قران اور انگریزی ویکلی کا رسم اجرا

Thu, 26 Jan 2017 20:33:41    S.O. News Service

بھٹکل 26؍ جنوری(ایس اونیوز) بھٹکل کے معروف نیوز پورٹل فکروخبر کی جانب سے ویکلی درس قران  اور انگریزی ویکلی میگزین  ’’ اُمّہ آبزرور ‘‘   کا بھٹکل جماعت المسلمین کے قاضی اور نائب قاضی کے ہاتھوں  افتتاح عمل میں آیا۔ 

 مولانا ابو الحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل کے وسیع و عریض ہال  میں فکر و خبر کی جانب سے منعقدہ ایک خصوصی نشست میں بتایا گیا کہ  ہر ہفتہ درس قران کا وڈیو پروگرام پیش  کیا جائے گا۔ جس میں فکر و خبر کے چیف ایڈیٹر اور دبئی میں مقیم بھٹکل کے معروف عالم دین  مولانا ہاشم نظام ندوی دعوتی فریضہ کے تحت اس کی میزبانی کریں گے۔  اسی طرح فکر وخبر کی جانب سے انگریزی میگزین  ’’ اُمّہ آبزرور ‘‘ کے تعلق سے بھی جانکاری دی گئی ۔ بھٹکل جماعت المسلمین کے قاضی مولانا محمد اقبال مُلا ندوی نے  درس قران کے شعبہ  کا افتتاح کرتے ہوئے  اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ فکر وخبر اپنے ساڑھے چار سالوں میں ترقیوں کے منازل طئے کررہا ہے۔ اس موقع پر نائب قاضی جماعت المسلمین مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی  کے ہاتھوں انگریزی میگزمین ’’ اُمّہ آبزرور ‘‘ کا  افتتاح  کیا گیا۔

 نشست میں ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے  بتایا کہ وڈیو درس قران کا مقصدقرآن کا پیغام لوگوں تک پہنچانا ہے۔ مولانا نے کہا کہ فکروخبر کے جو بھی شعبہ جات چل رہے ہیں اور آئندہ جو بھی پیش کیے جائیں گے یہ صرف اور صرف دعوتی تقاضوں کوپورا کرنے کے مقاصد کے تحت ہوں گے ۔ مولانا نے اس ضمن میں فکروخبر کے دیگر شعبۂ جات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایاکہ فکروخبر چند اشخاص کا،ذاتی یا خاندانی ادارہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک ملت کا سرمایہ ہے جس کی حفاظت ہر ایک کی ذمہ داری  ہے۔

اس موقع پر صدر فکروخبر اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اکیڈمی کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی اورجامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے  اور فکر وخبر کی  مقبولیت پر ذمہ داران کو مبارکباد پیش کیں۔

 فکروخبر فقہ شافعی کے ذمہ دار مولانا اظہر برماور ندوی کی تلاوت کلام پاک سے نشست کا آغاز ہوا تھا۔ جبکہ نشست میں جناب نوید مصبا نے انگریزی میگزین کا تعارف پیش کیا ۔مولوی انصار عزیز ندوی نے نظامت کے ساتھ ساتھ کئی اہم شعبوں کا تعارف پیش کیا۔مولانا محمد اقبال ملا ندوی کی دعا پرنشست  اختتام کو پہنچی۔ نشست میں شہر کے ممتاز علماء سمیت اہم لوگ شریک تھے ۔


Share: